بنگلادیشی فوج میں اہم قیادت میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
میڈیا کے مطابق، لیفٹیننٹ جنرل محمد معین الرحمٰن کو بنگلادیش آرمی کا چیف آف جنرل اسٹاف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، میجر جنرل قیصر رشید چوہدری کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فورسز انٹیلی جنس کا ڈائریکٹر جنرل بنایا گیا ہے۔اس کے علاوہ، لیفٹیننٹ جنرل میر مشفق الرحمٰن کو آرمڈ فورسز ڈویژن کے پرنسپل اسٹاف آفیسر تعینات کیا گیا ہے، اور ان سے قبل پی ایس او رہنے والے لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن کو وزارت خارجہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح، میجر جنرل محمد جہانگیر عالم کو وزارت خارجہ میں سفیر مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 12 فروری کو ہونے والے بنگلادیشی پارلیمانی انتخابات میں، بی این پی نے 209 نشستیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کی، جبکہ جماعت اسلامی نے 77 نشستیں حاصل کیں۔ بی این پی کے رہنما طارق رحمان نے بنگلادیش کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھال لیا ہے، اور جماعت اسلامی کے امیر کو اپوزیشن لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔