ایران اور روس کے درمیان اہم معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت ایران جدید ’وربا‘ ائیر ڈیفنس سسٹم خریدے گا۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، یہ معاہدہ تقریباً 60 کروڑ امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہے اور گزشتہ سال دسمبر میں ماسکو میں طے پایا۔اس معاہدے کے مطابق، روس آئندہ تین سالوں میں ایران کو 500 ’وربا‘ لانچ یونٹس اور 2500 ’9M336‘ میزائل فراہم کرے گا، جن کی ترسیل 2027 سے 2029 کے درمیان تین مراحل میں مکمل کی جائے گی۔’وربا‘ روس کا جدید پورٹیبل فضائی دفاعی نظام ہے، جسے کندھے پر رکھ کر فائر کیا جاتا ہے۔ یہ نظام انفراریڈ گائیڈڈ میزائل سے لیس ہے، جو کم بلندی پر پرواز کرنے والے طیاروں، کروز میزائلوں اور ڈرونز کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ممکن ہے کہ اس نظام کی محدود تعداد پہلے ہی ایران کو فراہم کی جا چکی ہو۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام، ایران کی جانب سے گزشتہ سال اسرائیل کے ساتھ کشیدگی کے دوران اپنے فضائی دفاعی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔اس معاہدے سے ایران کے دفاعی نظام میں نمایاں بہتری آنے کا امکان ہے، اور یہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں اہم اضافہ ہے۔