گھروں کے ڈائریکٹ کنکشنز ختم ،بجلی چوری میں ملوث ٹھیکیدار کیخلاف مقدمہ ،
لاہور(خصوصی رپورٹ)لیسکو حکام نیجاتی امرا میں بجلی چوروں کے خلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے 95 گھروں کی بجلی منقطع کر دی۔ کارروائی کے دوران بڑے پیمانے پر غیر قانونی کنکشنز پکڑے گئے۔ایکسین رائے ونڈ علی رضا نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دو ٹرانسفارمرز سے چلنے والے 95 گھروں کے ڈائریکٹ کنکشنز ختم کر دیے۔ حکام کے مطابق مذکورہ گھروں کو غیر قانونی طریقے سے بجلی فراہم کی جا رہی تھی جس کے باعث ادارے کو ماہانہ لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا تھا۔ایکسین علی رضا کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ آپریشن کے دوران بجلی چوری میں ملوث ٹھیکیدار عارف کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔لیسکو حکام نے واضح کیا کہ بجلی چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل در آمد کیا جا رہا ہے اور اس نوعیت کے گرینڈ آپریشنز پورے ریجن میں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے تاکہ قومی خزانے کو نقصان سے بچایا جا سکے۔