فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیوں، 2 اسنارکل اور ایک بازر نے آگ پر قابو پانے میں حصہ لیا
کراچی(آئی این پی )کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد حیدری کے قریب رہائشی فلیٹ میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے اور آگ لگنے کے واقعے میں ایک بچہ جاں بحق ہوگیا جبکہ خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوگئے ۔ اطلاعات کے مطابق دھماکا عمارت کے دسویں منزل پر واقع فلیٹ میں گیس کے اخراج کے باعث ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ریسکیو عمل اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کیں۔حکام کے مطابق فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیوں، 2 اسنارکل اور ایک بازر نے آگ پر قابو پانے میں حصہ لیا۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ عمارت کی دسویں منزل پر لگی تھی جس پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے۔ واقعے کے بعد رہائشی عمارت کو خالی کرالیاگیاریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد عمارت میں موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھائی اور عمارت میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا۔زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔جاں بحق ہونے والے 15 سالہ بچے کی شناخت برہان ولد عون کے نام سے ہوئی ہے۔ اہل خانہ بچے کی میت کو تدفین کے لیے سخی حسن قبرستان لے گئے۔زخمیوں میں فاطمہ زوجہ حنین عمر 30 سال، انسیہ دختر حنین عمر 4 سال، تسنیم زوجہ نامعلوم عمر 70 سال اور حنین ولد فضل عباس عمر 40 سال شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا، تاہم واقعے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔دوسری جانب وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ۔وزیراعلی نے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور واقعے کی وجوہات کا تعین کر کے آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ادھر آئی جی سندھ نے ایس ایس پی سینٹرل کو ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی ہے۔