اپنے لوگوں کی حفاظت کیلئے کارروائی کر رہے ہیں، طلال چوہدری

 پاکستان ذمہ دار ریاست ہے، ہمیشہ کوشش کی کہ ہمسائیوں سے بہتر تعلقات رکھے:وزیر مملکت
اسلام آباد: (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان ذمہ دار ریاست ہے، ہمیشہ کوشش کی کہ ہمسائیوں سے بہتر تعلقات رکھے، افغانستان سے بہت عرصے سے دہشتگردی ایکسپورٹ ہو رہی ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اپنے لوگوں کے جان و مال کی تحفظ کیلیے ہر طرح کی کارروائی کر رہا ہے، کارروائیاں پاکستان کے اندر بھی جاری ہیں۔ 70 ہزار کے قریب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ کارروائیوں میں مختلف قسم کے لوگ گرفتار ہوئے، دہشتگرد ہلاک ہوئے، یہ کارروائی اسی تناظر میں کی گئی، 3 مختلف مقامات اور 7 جگہوں پر کی گئی۔وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق 70 کے قریب دہشتگرد مارے گئے ہیں، بہت سارے شواہد موجود ہیں، زیادہ تر ہلاک دہشتگردوں کی شناخت پاکستان کی تھی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان اور اسکی عبوری حکومت اپنا فرض نبھانا نہیں چاہتی، دوحہ معاہدے میں افغانستان نے پوری دنیا کو باور کروایا تھا کہ افغان سرزمین کسی کے خلاف بھی دہشتگردی کے لیے استعمال نہیں ہوگی، لیکن افغانستان دہشتگردی روکنے میں ناکام رہا۔طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ افغانستان سے یہ شکایت اب صرف پاکستان کی نہیں ہے، مختلف ممالک بھی اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں۔