وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی اعتماد، بھائی چارے اور احترام پر مبنی دیرینہ تعلقات قائم ہیں، جنہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے پنجاب حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔
پاک سعودی بزنس کونسل کے خصوصی وفد کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ وفد کی آمد پنجاب کے لیے خوش بختی کی علامت ہے۔مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے کو عوام نے بے پناہ سراہا ہے، جو دونوں ممالک کے اعتماد اور اسٹریٹجک تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت معیشت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جدید خطوط پر کام کر رہی ہے اور پاک سعودی بزنس کونسل کے ساتھ اشتراک سے صوبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومتِ پنجاب سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور تحفظ فراہم کرے گی اور دونوں ممالک کے تعلقات کو خادم الحرمین شریفین کی قیادت میں نئی جہت پر لے جایا جائے گا۔