اپنا ڈیٹا جلد محفوظ کر لیں، مائیکروسافٹ صارفین کو خبردار کردیا

اپنا ڈیٹا جلد محفوظ کر لیں، مائیکروسافٹ صارفین کو خبردار کردیا

مائیکروسافٹ نے دنیا بھر میں اسکائپ استعمال کرنے والے لاکھوں صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنا اہم ڈیٹا جلد از جلد محفوظ کر لیں، بصورت دیگر یہ معلومات ہمیشہ کے لیے ضائع ہو سکتی ہیں۔

 کمپنی کے مطابق اسکائپ کو رواں سال مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے کیونکہ مائیکروسافٹ اب اپنی تمام تر توجہ مائیکروسافٹ ٹیمز پر مرکوز کر رہا ہے۔اسکائپ ایک وقت میں دنیا کی مقبول ترین چیٹ اور ویڈیو کالنگ ایپ رہی ہے، جس کے 2010 کی دہائی میں 30 کروڑ سے زائد ماہانہ صارفین تھے۔ تاہم واٹس ایپ، زوم اور مائیکروسافٹ ٹیمز جیسے جدید موبائل اور آن لائن پلیٹ فارمز کے آنے کے بعد اس کی مقبولیت میں نمایاں کمی آتی گئی۔ اسکائپ کا آغاز 2003 میں ہوا تھا جبکہ 2011 میں مائیکروسافٹ نے اسے خرید لیا۔کمپنی نے باضابطہ طور پر 5 مئی 2023 کو اسکائپ سروس بند کر دی تھی، تاہم صارفین کو اپنے پیغامات، رابطہ نمبرز، کال ہسٹری اور دیگر اہم ڈیٹا محفوظ کرنے کے لیے اضافی وقت دیا گیا۔ مائیکروسافٹ کے مطابق اسکائپ صارفین کے پاس جنوری 2026 تک کا وقت ہے کہ وہ اپنا ڈیٹا ایکسپورٹ کر لیں یا خود حذف کر دیں۔

مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ جو صارفین اس مدت کے دوران مائیکروسافٹ ٹیمز فری میں لاگ ان ہو جائیں گے، وہ اپنی پرانی اسکائپ چیٹ اور کال ہسٹری تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ تاہم جن صارفین نے مقررہ مدت تک کوئی کارروائی نہ کی تو جنوری 2026 کے بعد ان کا تمام اسکائپ ڈیٹا خودکار طور پر مستقل طور پر حذف کر دیا جائے گا، جسے بعد میں کسی بھی صورت بحال نہیں کیا جا سکے گا۔

نئے سال کی آمد کے پیش نظر مائیکروسافٹ نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے اکاؤنٹس چیک کریں اور اہم معلومات، یادگار پیغامات اور ڈیٹا محفوظ کر لیں تاکہ کسی بھی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔