بیجنگ (آئی این پی )چین کی ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کو پانچ سال تک کام برقرار رکھنے اور محنت کرنے پر مفت فلیٹس دینے کا منصوبہ پیش کیا ہے۔ غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق کمپنی نے بتایا ہے کہ تین سال کے دوران کل 18 فلیٹس ملازمین کو دئیے جائیں گے۔ساتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کے مطابق یہ ایک ٹیکنالوجی کمپنی ہے جنوبی چین کے جیانگ ژی صوبے کے شہر وینژو میں واقع ہے جو آٹوموٹیو فاسٹنر مصنوعات میں مہارت رکھتی ہے۔ کمپنی کے پاس 450 سے زائد ملازمین ہیں اور اس نے 2024 میں 490 ملین یوان (تقریبا 70 ملین امریکی ڈالر) کی پیداوار کا اعلان کیا۔کمپنی کے جنرل مینیجر وانگ جیایوان نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وینژو میں بڑی تعداد میں مزدور موجود ہیں، اسلئے کمپنی کا مقصد ماہر تکنیکی اور انتظامی عملے کو انعام دینا اور انہیں برقرار رکھنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سال ہم نے پانچ فلیٹس دئیے ہیں۔ آئندہ برس آٹھ مزید تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ تین سال میں کل 18 فلیٹس دینے کی منصوبہ بندی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد واضح ہے کہ بہترین ٹیلنٹ کو اپنی جانب راغب کرنا اور ہمارے اہم مینجمنٹ ٹیم کو برقرار رکھنا ہے