سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال،،پانچ ایم اویوز پر دستخط
گوانگ ژو(آئی این پی )پاکستان اور چین کے درمیان جاری تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے فروغ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔چین کے شہر گوانگ ژو میں پانچویں پاکستان انویسٹمنٹ اینڈ بزنس انوائرمنٹ ایکسچینج فورم 2026 کا انعقاد ہوا، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پالیسی مذاکرات، سرمایہ کاری منصوبوں کی پیشکش، صنعتی معاہدوں، بی ٹو بی ملاقاتوں اور مصنوعات کی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا۔ فورم میں الیکٹرک گاڑیوں، بیٹری مینوفیکچرنگ، تعمیراتی سامان، فرنیچر، پائن نٹس اور میڈیکل و بزنس ٹورازم کے شعبوں میں 5 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔فورم میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا