اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے بجلی کے ترسیل کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے حکومت کی تمام توجہ مرکوز ہے‘بھرپور کوشش ہے کہ صنعتوں کو علاقائی مسابقتی نرخوں پر بجلی ملے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے کے حوالے سے تشکیل دی گئی نجی شعبے کی ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو معاشی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔ وزیراعظم نے وزیر پاور ڈویژن کو بجلی کے ویلنگ چارجز کو مناسب سطح پر لانے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ دیگر شعبوں میں بنائی گئی مختلف ورکنگ گروپس کی سفارشات مکمل ہونے کے بعد معیشت کی ترقی کا قومی پروگرام ترتیب دیا جائیگا