میں نے خود دیکھا، ٹیم جس جوش و جذبے سے میدان میں لڑرہی تھی اس کی مثال نہیں ملتی، مجھ سمیت تمام پاکستانیون کو آپ پر فخر ہے، امید کرتا ہوں آپ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے
چیئرمین پی سی بی کو کہتا ہوں تمام کھلاڑیوں کا بھر پور خیال رکھیں،آپ میں سے بہت سے کھلاڑی کل پاکستان کی قومی ٹیم کاحصہ ہوں گے:شہبازشریف کی ظہرانے میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف سے انڈر 19 ایشیا کرکٹ کپ کی فاتح ٹیم نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم نے کھلاڑیوں کیلئے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوان کھلاڑیوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، بھارت کے خلاف شاندار کامیابی پر ٹیم اور مینجمنٹ کو مبارکباد دی، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور وفاقی وزرا نے بھی شرکت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ میں نے کل خود دیکھا، ٹیم جس جوش و جذبے سے میدان میں لڑرہی تھی اس کی مثال نہیں ملتی، مجھ سمیت تمام پاکستانیون کو آپ پر فخر ہے، امید کرتا ہوں کہ آپ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ آپ بہت جلد انڈر 19 ورلڈ کپ بھی پاکستان لائیں گے، چیئرمین پی سی بی کو کہتا ہوں تمام کھلاڑیوں کا بھر پور خیال رکھیں،آپ میں سے بہت سے کھلاڑی کل پاکستان کی قومی ٹیم کاحصہ ہوں گے۔وزیراعظم سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ شاہد انور نے کہا کہ یہ پراسیس 17جون 2025سے شروع کیا جس میں 70نوجوان کھلاڑیوں کے ٹرائل ہوئے، ٹرائل کے بعد 70میں سے30کھلاڑیوں کا کیمپس لگایا گیا، ایشیا کپ میں جانے سے پہلے مقصد تھا کہ کپ اورشائقین کے دل جیتیں گے۔سرفراز احمد نے بتایا کہ وزیراعظم نے پوری انڈر19ٹیم کے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا، امید ہے مستقبل میں یہ ٹیم مزید ٹرافیاں جیتے گی، وزیراعظم نے نوجوان کھلاڑیوں کی خوب حوصلہ افزائی کی، سمیر احمد نے بہت بہترین اننگ کھیلی