بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ سے ایک حیرت انگیز اور غیر معمولی واقعہ سامنے آیا ہے، جس میں ایک دھوکے باز شخص نے مشہور اداکارہ سنی لیون کے نام پر سرکاری اسکیم سے فائدہ اٹھایا اور 1000 روپے ماہانہ کی خیرات وصول کی۔
یہ رقم ریاستی حکومتی اسکیم "مہاتری وندن یوجنا" کے تحت تقسیم کی جاتی ہے، جس کا مقصد شادی شدہ خواتین کو ماہانہ مالی امداد فراہم کرنا ہے۔اس فراڈ میں ایک آن لائن اکاؤنٹ کے ذریعے سنی لیون کے نام پر امدادی رقم کی درخواست کی گئی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس درخواست میں سنی لیون کے شوہر کا نام "جونی سنس" درج تھا۔ یہ رقم بستر ضلع کے تلور سیکٹر میں آنگن واڑی (پنجایت سطح کی حکومت) کی مدد سے وصول کی گئی تھی۔ اسکیم کے مطابق اس رقم کو 10 مہینوں تک مارچ سے دسمبر تک وصول کیا گیا تھا۔اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے والی درخواست کو "تصدیق شدہ" قرار دیا گیا تھا، جس پر آنگن واڑی اور ایک سپروائزر کے دستخط تھے۔
اس معاملے کی تحقیقات کے بعد ضلع بستر کے کلکٹر حارث ایس نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ اس فراڈ کی تفتیش کر رہے ہیں۔ایک سینئر پولیس اہلکار نے کہا کہ اگر ضلعی انتظامیہ سے کوئی شکایت موصول ہوتی ہے، تو کارروائی کی جائے گی۔ اس وقت تک، اس فراڈ کے پس پردہ شخص کی شناخت نہیں ہو سکی، اور تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ کس طرح سنی لیون کے نام پر امداد وصول کی گئی اور اس اسکیم کے ضوابط کو کس طرح نظر انداز کیا گیا۔