لاہور میں سردی بڑھ گئی، فضائی آلودگی میں بھی اضافہ

 صوبائی دارالحکومت کاآلودہ تین شہروں میں دوسرانمبر،کراچی میں بھی کڑاکے کی سردی، شہری ٹھٹھر گئے
لاہور؍کراچی(آئی این پی )لاہور میں دھند کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا جبکہ آلودہ ترین شہروں میں لاہور دوسرے نمبر پر ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 8 جبکہ زیادہ سے زیادہ 19 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔  شہر میں فضائی آلودگی بھی کم نہ ہو سکی، شہر کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 295 ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے بھی خشک سردی جاری رہے گی، شہر لاہور میں آ ج پیر کوبارش متوقع ہے، خشک سردی کے باعث شہریوں میں موسمی امراض زور پکڑنے لگے، شہریوں کو موسمی امراض سے بچنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اس کے علاوہ ملک کے مختلف شہروں میں دھندے کے باعث موٹرویز کو متعدد مقامات سے بند کر دیا گیا۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم 4 خانیوال سے عبدالحکیم تک جبکہ موٹر وے ایم 5 رحیم یار خان سے گھوٹکی تک ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔ دوسری جانب کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر میں ہوا میں نمی 41فیصد جب کہ شمال مغرب سے چلنے والی ہواکی رفتار 8 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ کراچی آلودہ ترین شہروں میں ساتویں نمبر پر ہے جس کا ائیر کوالٹی انڈیکس 189 ریکارڈ کیا گیا ہے۔