پی ٹی آئی والے اب پائوں پڑ رہے ، این آر او کسی صورت نہیں ملے گا:گورنر پختونخوا

 9 مئی کے مجرموں کو سزا احسن اقدام ، مجرموں کو سزائیں نہ ملتی تو مستقبل میں اور بھی حملے ہوتے،فیصل کریم کنڈی 
اسلام آباد(آئی این پی ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے پہلے کسی سے ہاتھ نہیں ملاتے تھے اب پائوں پڑ رہے ہیں، انہیں این آر او چاہیے جو کسی صورت نہیں ملے گا۔انہوں نے 9مئی کے مجرموں کو فوجی عدالت سے ملنے والی سزا کو احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سزا اور جزا کا نظام ہوگا تو ملک ٹھیک ہوگا، مجرموں کو سزائیں نہ ملتی تو مستقبل میں اور بھی حملے ہوتے۔اپنے ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ملک دشمن بھی ایسا کام نہیں کر سکتے جو ان مجرموں نے کیا، مجرموں کو سزائیں ہوں گی تو لوگ مستقبل میں ایسے اقدام نہیں کر سکیں گے، سیاست اپنی حدود میں رہ کر کی جاتی ہے یہ نہیں ہو سکتا کہ غصہ آ جائے تو جی ایچ کیو پر حملہ کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں غلط لوگوں کو سزا ہونے تک معاشرہ بہتر نہیں ہو سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ آپ نے جو کرتوت کیے ہیں اس کی سزا ملے گی، آپ نے کوئی غلط کام نہیں کیا تو عدالتوں میں جا کر ثابت کریں۔گورنر کے پی نے کہا کہ پی ٹی آئی میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے تینوں ترجمان الگ بات کرتے ہیں، بشریٰ بی بی نے جو کرتوت پنجاب میں کیے اب کے پی میں ہو رہے ہیں۔