ایبسلوٹلی ناٹ کا جھوٹا بیانیہ بنانے والوں نے اسی ملک کے جھنڈے اپنے جلسوں میں لہرائے،خطاب
چکدرہ (یواین پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخواہ انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ’نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن ملک و قوم کی بہتری کے لیے کام کرتے ہیں، ایبسلوٹلی ناٹ کا جھوٹا بیانیہ بنانے والوں نے اسی ملک کے جھنڈے اپنے جلسوں میں لہرائے‘، ان خیالات کا اظہار انہوں اتوار کو دیر لوئر میں عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر زاہد خان کی رہائش گاہ پر عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی 38 فیصد سے 7 فیصد پر لانا، سٹاک ایکسچینج کی تاریخ سطح پر بلندی، زر مبادلہ کے ذخائر آگے لے جانا، سود کی شرح 22، 23 فیصد سے 15 فیصد پر لانا اور شنگھائی کانفرنس جیسے اقدامات کیے، شیر کے نشان والی پارٹی میں شامل ہونے والے مایوس نہیں ہوں گے، تحریک انصاف والے چاہتے تھے پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، نواز شریف کی ٹیم نے معاشی استحکام ممکن بنایا۔امیر مقام نے اعلان کیا کہ علاقے میں بجلی، گیس، پاسپورٹ اور نادرا کے مسائل جلد حل ہوں گے، عوام پی ٹی آئی کا اصلی چہرہ پہچان چکی، اب مزید ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے، صوبے کے وسائل جلسے جلوس اور ریاست کیخلاف استعمال ہو رہے ہیں، عوام پی ٹی آئی کی منفی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔