اب مقررہ مدت کے اندر پاسپورٹ ملیں گے:وزیر داخلہ

 کراچی میں پاسپورٹ، شناختی کارڈ اجراء درپیش مسائل موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری
 کراچی(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہریوں کو پاسپورٹ کے اجراء میں ہونے والی تاخیر کا ازالہ کیا جا رہا ہے، اب مقررہ مدت کے اندر پاسپورٹ ملیں گے۔تفصیل کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی  نے 24/7 اوپن  پاسپورٹ آفس عوامی مرکز اور نادرا ڈیفنس میگا سینٹر کے اچانک دورے کے دوران پاسپورٹ اور شناختی کارڈز بنوانے کے لیے آئے شہریوں سے ملاقات کی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ اور شناختی کارڈز بنوانے کے عمل کے بارے میں پوچھا جس پر شہریوں نے پاسپورٹ و شناختی کارڈز بنوانے کے نظام کو سراہا اور اطمینان کا  اظہار کیا۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کو پاسپورٹ ملنے میں تاخیر کا ازالہ کیا جا رہا ہے، شہریوں کو اب مقررہ مدت کے اندر پاسپورٹ ملیں گے۔وزیرداخلہ نے بعض شہریوں کے شناختی کارڈز کے ایشوز کو موقع پر ہی حل کرنے کے لیے احکامات دئیے، انہوں نے نادرا سینٹر ڈیفنس میں صفائی کا نظام بہتر بنانے کا بھی حکم دیا۔