ایران اور یورپی ممالک کے درمیان جوہری مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق

ایران اور یورپی ممالک کے درمیان جوہری مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اور یورپی ممالک کے درمیان جوہری مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق ایرانی وزیرِ خارجہ اور برطانیہ، جرمنی اور فرانس کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں فریقین نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ گفتگو کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ اگلے ہفتے جمعہ کے روز باضابطہ مذاکرات دوبارہ شروع کیے جائیں گے۔جرمن وزیرِ خارجہ نے اس ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کا مقصد ایران کو دوبارہ میز پر لانا اور تنازع کے حل کے لیے راستہ تلاش کرنا ہے۔یورپی وزرائے خارجہ نے ایران کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر اس نے اپنی یورینیم افزودگی کو محدود کرنے کے لیے کسی معاہدے پر آمادگی ظاہر نہ کی، تو اقوام متحدہ کی طرف سے معطل کی گئی پابندیاں دوبارہ نافذ ہو سکتی ہیں۔امریکا اور یورپین اتحادیوں کا موقف ہے کہ ایران، ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) پر دستخط کرنے کے باوجود، اپنے جوہری پروگرام کو ہتھیار بنانے کی طرف لے جا رہا ہے۔ تاہم ایران اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اپنائے ہوئے ہے کہ اس کا جوہری پروگرام صرف توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہے۔