ایران کا خلیجی ممالک سے دشمنی نہ رکھنے کا اعلان، مذاکرات کے لیے وفد قطر سے روانہ

ایران کا خلیجی ممالک سے دشمنی نہ رکھنے کا اعلان، مذاکرات کے لیے وفد قطر سے روانہ

تہران: ایران نے کہا ہے کہ اسے خلیجی ممالک یا خطے کے دیگر پڑوسی ملکوں سے کوئی دشمنی نہیں اور وہ دیرپا علاقائی سلامتی کے قیام کے لیے تعاون کا خواہاں ہے، تاہم کسی ملک کی سرزمین یا تنصیبات ایران کے خلاف استعمال ہوئیں تو تہران خاموش نہیں رہے گا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ بعض خلیجی ممالک نے امریکا کی فوجی موجودگی پر ضرورت سے زیادہ بھروسا کیا ہے، جبکہ کچھ ممالک واشنگٹن کے ساتھ سرگرمی سے تعاون بھی کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے پڑوسی ممالک سے توقع رکھتا ہے کہ وہ اپنی سرزمین اور تنصیبات کو ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ بقائی نے واضح کیا کہ خطے میں اعتماد کی فضا قائم کرنے کے لیے تمام ممالک کو ایک دوسرے کے خدشات کا خیال رکھنا ہوگا اور اعتماد سازی کا عمل دوطرفہ ہونا چاہیے۔دوسری جانب ایران کا مذاکراتی وفد قطر میں ثالثوں کے ساتھ تین روزہ بات چیت کے بعد اتوار کو دوحہ سے روانہ ہوگیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مذاکرات سے آگاہ ایک عہدیدار نے بتایا کہ ایرانی وفد کی روانگی کی وجہ بات چیت میں کسی قسم کی دشواری یا اختلاف نہیں تھا۔عہدیدار کے مطابق دوحہ میں ہونے والی مشاورت کا محور ایران کے خلاف جاری امریکی اور اسرائیلی جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدے تک پہنچنے کی کوششیں تھیں۔یہ سفارتی سرگرمیاں ایسے وقت میں جاری ہیں جب خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 3 نومبر کو ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد خطے میں جنگ دوبارہ شدت اختیار کر سکتی ہے۔