پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کامیاب 10 سال مکمل ہونے پر ایک یادگار اور عالمی معیار کی دستاویزی فلم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ ڈاکومنٹری پی ایس ایل کے 2016ء میں آغاز سے لے کر 2025ء تک کے پورے سفر پر مبنی ہو گی، جس میں اس لیگ کے تمام نشیب و فراز، مشکلات اور کامیابیوں کو تفصیل سے اجاگر کیا جائے گا۔فلم میں خاص طور پر پی ایس ایل کے دبئی سے پاکستان منتقلی کے مراحل، غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان لانے کے چیلنجز، اور کورونا وائرس کے دوران پی ایس ایل کے انعقاد میں درپیش رکاوٹوں کو مرکزی حصہ بنایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ اس امر پر بھی روشنی ڈالی جائے گی کہ کس طرح پی ایس ایل چند ہی برسوں میں دنیا کی سب سے بڑی اور کامیاب لیگوں کی صف میں شامل ہوئی۔
دستاویزی فلم میں شائقین کرکٹ کو ماضی کے یادگار لمحات، سنسنی خیز میچز، نمایاں کھلاڑیوں کی کارکردگی اور پی ایس ایل کی تاریخی کامیابیوں کا جامع احاطہ دیکھنے کو ملے گا۔پی سی بی نے ڈاکومنٹری کے لیے اگلے ہفتے کمپنیوں اور انفرادی فلم میکرز سے باضابطہ پیش کش طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ بورڈ کا مؤقف ہے کہ وہ شہرت یافتہ اور عالمی معیار کی ماہر کمپنیوں کی خدمات حاصل کرے گا تاکہ یہ دستاویزی فلم پاکستان کرکٹ کے لیے ایک یادگار پروجیکٹ ثابت ہو۔