لاس اینجلس اولمپکس کے لیے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا آغاز ایک تاریخی پیش رفت ہے: آئی سی سی

لاس اینجلس اولمپکس کے لیے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا آغاز ایک تاریخی پیش رفت ہے: آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے آغاز کو ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے، جسے کرکٹ کی عالمی توسیع کی جانب اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔

یہ اسٹیڈیم امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے پومونا میں فیئرپلیکس گراؤنڈ پر تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں باقاعدہ طور پر سنگ بنیاد کی تقریب منعقد کی گئی۔جے شاہ نے اس موقع پر کہا کہ کرکٹ کا اولمپکس میں شامل ہونا کھیل کی عالمی مقبولیت میں اضافے کا واضح ثبوت ہے اور یہ شائقین کے لیے ایک فخر کا لمحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اسٹیڈیم اولمپکس کے دوران مرکزی حیثیت اختیار کرے گا اور امریکا میں کرکٹ کے فروغ میں طویل مدتی کردار ادا کرے گا۔سنجوگ گپتا نے اس پیش رفت کو کرکٹ کے لیے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اولمپکس میں شمولیت سے کھیل کو عالمی سطح پر مزید وسعت ملے گی۔

تقریب میں مختلف بین الاقوامی شخصیات نے بھی شرکت کی جن میں ایل اے 28 کے عہدیداران، مقامی حکام اور کرکٹ تنظیموں کے نمائندے شامل تھے۔ماہرین کے مطابق کرکٹ کی واپسی اولمپکس میں تقریباً 128 سال بعد ہو رہی ہے، جو اس کھیل کے عالمی پھیلاؤ کے لیے ایک بڑی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔ خاص طور پر امریکا میں کرکٹ کی مقبولیت بڑھنے کی توقع ہے، جہاں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں مردوں اور خواتین دونوں کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔