پی سی بی کے تعاون سے جدہ میں بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر ہوگا

پی سی بی کے تعاون سے جدہ میں بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر ہوگا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی معاونت سے سعودی عرب کے شہر جدہ میں بین الاقوامی معیار کا جدید کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔

اس منصوبے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان اسٹریٹجک تعاون پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے فروغ، انفراسٹرکچر کی ترقی اور مستقبل میں مشترکہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔معاہدے کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ جدہ میں جدید سہولتوں سے آراستہ بین الاقوامی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر میں تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ اسٹیڈیم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مقررہ معیار کے مطابق ڈیزائن کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی ممکن بنائی جا سکے۔پی سی بی اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن منصوبے کی منصوبہ بندی، ڈیزائن، آپریشنل معیار، گراؤنڈ مینجمنٹ اور دیگر تکنیکی امور پر مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ اس شراکت داری کا مقصد سعودی عرب میں کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور کھیل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔حکام کے مطابق یہ منصوبہ سعودی عرب کو مستقبل میں بڑے بین الاقوامی کرکٹ ایونٹس کی میزبانی کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

 اس کے ساتھ ساتھ یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کے تحت کھیلوں میں سرمایہ کاری، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور اسپورٹس ٹورازم کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ یہ شراکت داری کرکٹ کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ادارے مل کر ایسا مضبوط تعاون قائم کر رہے ہیں جو نہ صرف سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی میں مددگار ہوگا بلکہ عالمی کرکٹ برادری کے درمیان روابط کو بھی مزید مستحکم کرے گا۔انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جدید کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر سے سعودی عرب میں کرکٹ کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا، مقامی کھلاڑیوں کو بہتر سہولتیں میسر آئیں گی اور مستقبل میں بین الاقوامی ٹیموں کی میزبانی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔