کرکٹ کی اولمپکس میں واپسی، کوالیفکیشن فارمیٹ پر نیوزی لینڈ اور پاکستان کے تحفظات

کرکٹ کی اولمپکس میں واپسی، کوالیفکیشن فارمیٹ پر نیوزی لینڈ اور پاکستان کے تحفظات

لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی واپسی کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز ٹیموں کے کوالیفائی کرنے کا طریقہ کار طے کر لیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق آئی سی سی ریجنل کوالیفائنگ فارمولہ اپنائے گا، جس کے تحت ایشیاء، اوشنیا، افریقہ اور یورپ سے ٹاپ رینک ٹیم براہ راست کوالیفائی کرے گی، جبکہ امریکا میزبان ملک ہونے کی حیثیت سے اولمپکس میں شامل ہوگا۔ چھٹی ٹیم کا کوالیفائی کرنے کا طریقہ ابھی طے ہونا باقی ہے۔اس فارمولے سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے لیے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ پاکستان اس وقت آئی سی سی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہے جبکہ بھارت پہلی پوزیشن پر ہونے کی وجہ سے براہ راست کوالیفائی کرے گا۔ نیوزی لینڈ عالمی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر ہونے کے باوجود اوشنیا ریجن سے آسٹریلیا (نمبر دو) کے باعث کوالیفائی نہیں کر پائے گا۔

امریکا رینکنگ میں 17ویں نمبر پر ہونے کے باوجود میزبان کی حیثیت سے شامل ہوگا، یورپ سے برطانیہ کی ٹیم کوالیفائی کرے گی جس کے لیے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ، اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے ساتھ مشاورت کر رہا ہے۔ویمنز ٹیموں کی کوالیفکیشن کا فیصلہ اگلے سال کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہوگا۔ آئی او سی نے آئی سی سی کے ریجنل کوالیفائنگ فارمیٹ کی حمایت کر دی ہے۔واضح رہے کہ 128 سال بعد اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہے، جہاں مینز اور ویمنز کی 6، 6 ٹیمیں شریک ہوں گی۔