لبنان میں تازہ اسرائیلی حملوں میں صحافی سمیت 5 افراد شہید

لبنان میں تازہ اسرائیلی حملوں میں صحافی سمیت 5 افراد شہید

لبنان میں جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں میں ایک صحافی سمیت کم از کم پانچ افراد شہید ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق وادی بقاع میں ڈرون حملہ کیا گیا، جس میں حزب اللہ کے دو ارکان کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔ ان حملوں کے دوران لبنانی صحافی امل خلیل بھی جاں بحق ہو گئیں، جن کی لاش تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے نکالی گئی۔عینی شاہدین کے مطابق جنوبی لبنان کے قصبے الخیام اور دیگر علاقوں میں شدید بمباری کی گئی، جس میں توپ خانے کا استعمال بھی شامل تھا۔ حملوں کے نتیجے میں متعدد رہائشی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں جبکہ بلڈوزرز کے ذریعے مکانات کو مسمار کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

کچھ رپورٹس کے مطابق مساجد کو بھی نشانہ بنایا گیا۔سرکاری خبر رساں اداروں کے مطابق ضلع طائر سمیت مختلف علاقوں میں سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچایا جا رہا ہے، جس سے معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔دوسری جانب حزب اللہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کی ایک گاڑی کو ڈرون حملے میں نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔