جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کی کوریج کے دوران صحافی زخمی

جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کی کوریج کے دوران صحافی زخمی

بیروت: لبنان کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی حملوں کی کوریج کے دوران ایک صحافی زخمی ہو گیا، جس کے بعد جنگی علاقوں میں میڈیا نمائندوں کی حفاظت سے متعلق ایک بار پھر تشویش بڑھ گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی نشریاتی ادارے پریس ٹی وی سے وابستہ صحافی ہادی حطیط جنوبی لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں پر رپورٹنگ کر رہے تھے کہ اسی دوران ہونے والے حملے میں وہ شیل کے ٹکڑوں (شریپنل) کی زد میں آ گئے۔رپورٹس کے مطابق صحافی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے اور اس دوران انہوں نے واضح پریس جیکٹ بھی پہن رکھی تھی، تاہم حملے کے دوران وہ زخمی ہو گئے۔واقعے کے فوری بعد انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔واقعے کے بعد صحافتی حلقوں اور مختلف میڈیا تنظیموں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور جنگی و تنازع زدہ علاقوں میں صحافیوں کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

لبنان اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران اس سے قبل بھی متعدد صحافی مختلف حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں متاثر ہو چکے ہیں، جس کے باعث خطے میں صحافت مزید خطرناک پیشہ بنتی جا رہی ہے۔بین الاقوامی مبصرین کے مطابق جنگی حالات میں میڈیا نمائندوں کا نشانہ بننا نہ صرف صحافتی آزادی کے لیے خطرہ ہے بلکہ زمینی حقائق کی ترسیل کو بھی متاثر کرتا ہے۔