عوام کو جدید، تیز اور آسان سفری سہولیات فراہم کرنا ہمارا عزم ہے: محسن نقوی

ایک ہی سکینر پر تمام اداروں کی مشترکہ چیکنگ سے وقت کی بچت ممکن ہوگی۔وفاقی وزیر داخلہ
اسلام آباد(آن لائن)ملک بھرکے ہوائی اڈوں پر چیکنگ کیلئے جدید مشینری کی تنصیب ،جوائنٹ کاؤنٹرز قائم کرنے اور ایک ہی مقام پر چیکنگ کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عوام کو جدید، تیز اور آسان سفری سہولیات فراہم کرنا ہمارا عزم ہے،ایک ہی سکینر پر تمام اداروں کی مشترکہ چیکنگ سے وقت کی بچت ممکن ہوگی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت دفاع اور داخلہ کی مشترکہ حکمت عملی کے لیے خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں  سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ
 جنرل (ر) محمد علی، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ میجر جنرل نور ولی خان، ایڈیشنل سیکرٹری دفاع میجر جنرل قیصر سلیمان، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید اور ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور شریک ہوئے۔اجلاس میں ایئر پورٹس پر عوام کی سہولت کیلئے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اورتمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ چیکنگ کے نظام کو موثر بنانے کیلئے ایئرپورٹس پر جدید ترین مشینری نصب کی جائے گی، جوائنٹ کاؤنٹرز قائم کرنے اور ایک ہی مقام پر چیکنگ کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں ای گیٹس کی تنصیب پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیر داخلہ نے مسافروں کو تیز تر کلیئرنس اور آسان سفری سہولتوں کی فراہمی پر زوردیتے ہوئے کہا کہ ایک ہی سکینر پر تمام اداروں کی مشترکہ چیکنگ سے وقت کی بچت ممکن ہوگی،اداروں کے مابین ہم آہنگی سے ہی ایئرپورٹس پر رش اور انتظار میں کمی لائی جا سکے گی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ عوام کو جدید، تیز اور آسان سفری سہولیات فراہم کرنا ہمارا عزم ہے۔سیکرٹری دفاع نے بتایا کہ ایئرپورٹس پر طیاروں کو پرندوں کی وجہ سے ہونے والے نقصان اور حادثوں سے بچانے کیلئے جدید ترین مشینری درآمد کی جا رہی ہے