رام اللہ: فلسطینی صدر محمود عباس نے حماس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی یرغمالیوں کو فوری طور پر رہا کرے، کیونکہ یہ عمل اسرائیل کو غزہ میں حملوں کا جواز فراہم کر رہا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق، ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران صدر محمود عباس نے کہا کہ حماس کے اقدامات نے اسرائیل کو غزہ میں سنگین جرائم کا ارتکاب کرنے کا بہانہ فراہم کیا ہے، جس کی سب سے بڑی مثال یرغمالیوں کو قید میں رکھنا ہے۔محمود عباس کا کہنا تھا، ’’ہمارے عوام ان غلطیوں کی قیمت چکا رہے ہیں، حماس کو چاہیے کہ وہ غزہ کی ذمہ داریاں اور اسلحہ فلسطینی اتھارٹی کے سپرد کرے اور خود کو ایک پرامن سیاسی جماعت میں تبدیل کرے۔‘‘صدر عباس کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں شدت اختیار کر چکی ہیں، اور بین الاقوامی سطح پر بھی فلسطینی دھڑوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔