پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ اور میزبان عفت عمر نے پنجاب حکومت کی جانب سے دیئے گئے ثقافتی مشیر کے عہدے کی پیشکش کو قبول کرنے سے معذرت کرلی۔
انہوں نے اپنے فیصلے کا اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کیا اور اس موقع پر حکومت پنجاب کا شکریہ بھی ادا کیا۔عفت عمر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو ٹیگ کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ حکومت پنجاب کی جانب سے اس اہم ذمہ داری کے لیے منتخب کیے جانے پر شکر گزار ہیں، لیکن تمام تر غور و فکر کے بعد انہوں نے یہ پیشکش عاجزی کے ساتھ مسترد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ محکمہ ثقافت کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہیں اور پنجاب کی ثقافتی سرگرمیوں کے لیے بہتری کی خواہاں ہیں۔یاد رہے کہ کچھ دن پہلے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ عفت عمر کو پنجاب میں ثقافت کی بحالی کے لیے مشیر مقرر کیے جانے کی تجویز دی گئی تھی، جس کا مقصد پنجاب کی ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا۔