پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف ماڈل و اداکارہ عفت عمر نے حالیہ برائیڈل کیٹیور ویک میں پیش آنے والے واقعات پر فیشن ڈیزائنرز کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اس ہفتے کے دوران منعقد ہونے والے برائیڈل شو میں مختلف ماڈلز اور فنکاروں نے معروف فیشن ڈیزائنرز کے تیار کردہ عروسی جوڑے پہن کر ریمپ واک کی۔ تاہم، رواں سال تقریباً تمام جوڑے ماڈلز کے سائز سے بڑے نظر آئے، جس نے فیشن شو کے دوران تناسب اور انداز پر سوالات اٹھا دیے۔
ٹک ٹاکر جنت مرزا اور کانٹینٹ کری ایٹر حرا بلیح اپنے اوور سائز لباس کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنے۔ حرا بلیح کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اوور سائز لباس کی وجہ سے وہ گرتے گرتے بال بال بچیں۔ اس ویڈیو نے انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بحث چھیڑ دی۔
اس پر عفت عمر نے انسٹاگرام پر فیشن ڈیزائنرز کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا:"اللّٰہ کا واسطہ ہے کہ کپڑے ماڈلز اور شخصیات کے سائز کے مطابق تیار کریں۔ ریمپ پر واک کرتے ہوئے ماڈلز اپنا لہنگا سنبھالنے کے لیے نہیں ہیں۔"
عفت عمر کا یہ بیان فیشن انڈسٹری میں ڈیزائنرز کی ذمہ داری اور شو کی پیشہ ورانہ معیارات کے حوالے سے اہم بحث کا سبب بن گیا ہے۔