بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مذاق پر رجب بٹ کی معذرت، الفاظ کو ناقابلِ قبول قرار دے دیا

بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مذاق پر رجب بٹ کی معذرت، الفاظ کو ناقابلِ قبول قرار دے دیا

یوٹیوبر رجب بٹ نے بچوں کے جنسی استحصال جیسے حساس موضوع پر نامناسب مذاق کرنے پر شدید عوامی تنقید کے بعد معذرت کرلی۔

چند روز قبل رجب بٹ کی زید علی ٹی کے ساتھ ٹک ٹاک لائیو کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے زید علی کے تاثرات پر تبصرہ کرتے ہوئے بچوں کے جنسی استحصال جیسے حساس معاملے کو مذاق کے طور پر استعمال کیا۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے رجب بٹ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔بعد ازاں رجب بٹ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنے الفاظ پر معافی مانگتے ہوئے اعتراف کیا کہ ویڈیو میں کہی گئی بات انتہائی نامناسب اور ناقابلِ قبول تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کا مذاق کسی صورت درست نہیں۔یوٹیوبر نے کہا کہ بدقسمتی سے اس طرح کے مذاق بعض معاشرتی حلقوں، خصوصاً لڑکوں کی محفلوں میں معمول بن چکے ہیں، تاہم کسی چیز کا عام ہونا اسے درست یا قابلِ قبول نہیں بناتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بچوں کے جنسی استحصال کے مسئلے کی سنگینی کے پیش نظر انہیں اس معاملے میں زیادہ حساس ہونا چاہیے تھا۔رجب بٹ نے ان تمام افراد سے بھی معذرت کی جن کے جذبات ان کے الفاظ سے مجروح ہوئے یا جن کے ماضی کے تکلیف دہ تجربات دوبارہ تازہ ہوئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وائرل ہونے والی ویڈیو پرانی ہونے کے باوجود اس کا پرانا ہونا ان کے الفاظ کا جواز نہیں بن سکتا۔رجب بٹ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں اور مستقبل میں اپنے الفاظ اور ان کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے زیادہ ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کریں گے۔