شہر قائد میں ٹریفک حادثات نے دو نوجوانوں کی جان لے لی

شہر قائد میں ٹریفک حادثات نے دو نوجوانوں کی جان لے لی

کراچی: شہر قائد میں پیش آنے والے دو مختلف ٹریفک حادثات نے دو نوجوانوں کی زندگیاں نگل لیں۔

پہلا حادثہ ملیر کے علاقے مین گوٹھ سولنگی اسٹاپ کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار کار دیوار سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں 23 سالہ نوجوان علی بخش جاں بحق ہو گیا۔ لاش کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

دوسرا حادثہ نیو کراچی ناگن چورنگی صدیق اکبر مسجد کے قریب پیش آیا، جہاں ایک نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل سوار 16 سالہ لڑکے کو ٹکر مار دی۔ نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ لاش کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ متوفی کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔

پولیس نے دونوں حادثات کے مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروا کر قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔