نئی دہلی (آئی این پی ) بھارتی ریاست مہاراشٹر میں مغل بادشاہ اورنگزیب کے مقبرے کی سکیورٹی سخت کر دی گئی۔ بھارتی میڈیارپورٹس کے مطابق تاریخی مقبرہ کو تباہ کرنے کی دھمکیوں کے پیش نظر پولیس حکام نے گذشتہ روز مقبرہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ سکیورٹی فورسز کی نئی کھیپ کو تعینات کیا گیا، جبکہ مقامی پولیس کی سکیورٹی پہلے سے موجود ہے۔مقبرہ کی حفاظت کے لئے انسپکٹر سطح کے 2 سینئر افسران 24 گھنٹے ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے ہیں۔ مقبرہ کی طرف جانے والی سڑک پر دو مقامات پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور دو فکس پوائنٹس بھی بنائے گئے ہیں۔ مقبرہ پر آنے والے ہر شخص کی تلاشی لی جارہی ہے اور پھر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ یہ اقدام کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔