تیزاب پھینکنے پر14سال قید یا عمر قید‘پنجاب اسمبلی میں بل منظور

بل حنا پرویز بٹ نے پیش کیا تھا‘قائمہ کمیٹی کی منظوری کے بعد پنجاب اسمبلی میں پیش کیا گیا 

لاہور(سپیشل رپورٹر) پنجاب اسمبلی نے "پنجاب ایسڈ کنٹرول بل 2025" متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے، جو تیزاب گردی جیسے بھیانک جرائم کی روک تھام کے لیے ایک انقلابی قانون ہے۔ یہ بل رکن صوبائی اسمبلی اور چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کی جانب سے پیش کیا گیا۔ایوان میں بحث کے بعد بل کو منظور کر لیا گیا، جس میں تیزاب اور دیگر خطرناک کیمیکلز کی خرید و فروخت، ذخیرہ اور تقسیم پر سخت ضوابط عائد کیے گئے ہیں بل کو قائمہ کمیٹی کی منظوری کے بعد پنجاب اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا۔محکمہ داخلہ پنجاب اس قانون پر عملدرآمد کے حوالے سے نگرانی اور پالیسی سازی کرے گا تاکہ اس کی مکمل پیروی ہو سکے۔  اس قانون میں تیزاب حملے کے مرتکب افراد کو 14 سال یا عمر قید تک سزا دینے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، تاکہ مجرموں کے لیے سخت سزا یقینی بنائی جا سکے۔