دربار کرتارپور سے زیرو لائن بارڈر ٹرمینل تک نگر کیرتن جلوس نکالا گیا
شکرگڑھ(خصوصی رپورٹ)کرتارپور میں بابا گورو نانک دیو جی کی 487ویں جنم برسی کی تقریبات کے دوسرے روز دربار بابا گورو نانک کرتارپور سے زیرو لائن بارڈر ٹرمینل تک نگر کیرتن جلوس نکالا گیا، جس کی قیادت صدر گورودوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کی۔ جلوس میں ہزاروں پاکستانی جبکہ بیرونِ ملک سے آئے سینکڑوں سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔نگر کیرتن کے شرکا کرتارپور راہداری کے ذریعے زیرو لائن پہنچے، جہاں پاکستانی اور بھارتی جانب موجود یاتریوں نے مذہبی رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر بابا گورو نانک دیو جی کی تعلیمات کے مطابق امن، بھائی چارے اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔صدر گورودوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بھارتی حکومت سے کرتارپور راہداری کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سکھ یاتریوں کی اپنے مقدس مقام کی حاضری اور درشن دیدار کی دلی خواہش ہے، اس لیے راہداری کو دوبارہ کھولا جائے تاکہ یاتری بلا رکاوٹ گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور آ سکیں۔بیرونِ ملک سے آنے والے سکھ یاتریوں نے پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی مہمان نوازی اور انتظامات کو سراہتے ہوئے حکومت اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔