فیلڈ مارشل کی فارمیشنز کو ہدایت: ہمہ وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت

فیلڈ مارشل کی فارمیشنز کو ہدایت: ہمہ وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت

پشاور: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پشاور پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو صوبے میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال، انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامات اور مختلف علاقوں میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فارمیشنز کو مسلسل چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین سطح کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جاری اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔ انہوں نے عوام کے تحفظ اور ملکی سلامتی کے لیے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی ثابت قدمی اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی صورتحال اور جاری انسدادِ دہشت گردی اقدامات کے جائزے کے سلسلے کی کڑی ہے۔ آرمی چیف نے فارمیشنز کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے اور کسی بھی ممکنہ سیکیورٹی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہنے کی ہدایت کی۔