جناح ہسپتال : لیب سے ڈبل ایکسپائرڈ وائلز برآمد

ٹیسٹ کروانے کیلئے لیب میں جانے والے مریض کو زائدالمیعاد بلڈ کلچر کی وائل تھما دی 
 5رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل ،ملوث تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی،پرنسپل 
لاہور (خصوصی رپورٹ )جناح ہسپتال کی لیب سے ڈبل ایکسپائرڈ متعدد وائلز برآمد ہوئی ہیں۔جناح ہسپتال میں بخار اور انفیکشن میں مبتلا 45 سالہ مریض ناصر علی کو ڈاکٹرز نے بلڈ کلچر ٹیسٹ تجویز کیا ،ٹیسٹ کروانے کیلئے لیب میں جانے والے مریض ناصر کو دو دفعہ زائدالمیعاد ہونے والی بلڈ کلچر کی وائل تھما دی گئی۔ مریضوں کی جانب سے شکایات ملنے پر پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم نے پیتھالوجی لیب سے ڈبل ایکسپائر ہونے والی متعدد وائلز برآمد کر لیں۔ پرنسپل پروفیسر طیبہ وسیم نے موقع پر ہی لیب سے دو دفعہ زائدالمیعاد کچھ وائلز قبضہ میں لے لیں۔ہیڈ آف پیتھالوجی ڈاکٹر منزہ ناطق کی جانب سے پرنسپل کو انوکھا موقف دیا گیا اور کہا گیا کہ ایکسپائر ہونے کے 6 ماہ تک بلڈ کلچر وائل استعمال کی جا سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ آف پیتھالوجی ، لیب انچارج ،پرچیز ڈیپارٹمنٹ ، سٹور کیپر اور انسپکشن ٹیم کا مبینہ طور پر گھنائونے جرم میں شریک ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ اوپی ڈی میں آئے مریضوں کو بلڈ کلچر کرانے کی تجویز پر پیتھالوجی لیب سے 3 سال سے ایکسپائر وائلز دینیکا بھی انکشاف ہوا ہے ۔پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم کا کہنا ہے کہ اس سنگین جرم میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی ، علامہ اقبال میڈیکل کا لج نے 5 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر فرحت ناز کمیٹی کے سربراہ مقرر جبکہ کمیٹی میں پروفیسر فاروق احمد رانا ، پروفیسر اشرف ضیا ، پروفیسر محمد ارشاد اور ظہر الدین بابر شامل ہیں۔ انکوائری کمیٹی کو تین روز میں انکوائری مکمل کرکے محکمہ صحت کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔