ہیپاٹائٹس بی اور سی سے متاثرہ افراد کے لئے علیحدہ علیحدہ مشینیں مختص :پرنسپل
لاہور (خصوصی رپورٹ )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر عملدر آمد کرتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال کے سٹیٹ آف دی آرٹ ڈائلسز سنٹر میں 30مشینوں پر 24/7مریضوں کو ڈائلسز کی سہولت بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں۔گزشتہ برس 18ہزار سے زائد مریضوں کے ڈائلسزکیے گئے اور اب مریضوں کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈائلسز سنٹرمیں لیب کا ئونٹربھی قائم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔اس امر کا اظہار پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفرنے ڈائلسز سنٹرکے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی سے متاثرہ افراد کے لئے علیحدہ علیحدہ مشینیں مختص ہیں اور ہال سمیت آنے جانے کے لئے علیحدہ راستے بھی ہیں تاکہ اس موذی مرض سے دیگر مریض متاثر نہ ہوں۔ڈائلسز سنٹر میں تعینات ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کے ایس او پیز پر مکمل عملدر آمد یقینی بنائیں، سکریننگ کے سلسلے میں کوئی کوتاہی نہ برتیں اور ڈائلسز کرانے والے مریضوں کا مکمل ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھیں۔