ہیلتھ یونیورسٹی جناح کیمپس میں جدید سکل لیب کاافتتاح

لاہور(خصوص رپورٹ) آئرلینڈ کے ہیلتھ سروس ایگزیکٹو، نیشنل ایمبولینس سروس کالج ڈبلن سے آئی تین رکنی ٹیم نے یو ایچ ایس جناح کیمپس میں جدید سکل لیب کا افتتاح کیا۔ لیب میں ہائی فائیڈیلیٹی مینی کوئنز نصب ہیں جن پر پنجاب کے میڈیکل کالجز کے اساتذہ کو جان بچانے والی ایمرجنسی مہارتوں کی تربیت دی گئی ہے۔ یہی اساتذہ اپنے اداروں میں فائنل ایئر کے طلبہ کی ٹریننگ کا آغاز کر چکے ہیں۔وفد میں پروفیسر ڈاکٹر شین ناکس، ڈیسمنڈ ویڈ اور پیڈریگ گلن شامل تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے اس موقع پر بتایا کہ یو ایچ ایس نے سمیولیشن بیسڈ ماڈل کے ذریعے ایمرجنسی سکلز کی تربیت، جانچ اور معیار کے تعین کا نیا نظام شروع کیا ہے۔ یہ لیب پنجاب میں ایمرجنسی ٹریننگ کا مرکز بنے گی اور ہر میڈیکل کالج سے ایسے ڈاکٹر تیار ہوں گے جو پہلے دن سے ایمرجنسی سنبھال سکیں۔افتتاح کے موقع پر پروفیسر شین ناکس نے کہا کہ لیب عالمی معیار کی ہے اور یہاں تربیت حاصل کرنے والے طلبہ حقیقی طبی فیصلے کرنے کی صلاحیت سیکھیں گے، پروفیسر سارہ غفور نے بتایا کہ ایک ہزار سے زائد اساتذہ کو بین الاقوامی معیار کی تربیت دی جاچکی۔ وفد نے مختلف سمیولیشن سٹیشنز کا معائنہ کیا اور تربیتی ماڈل کو سراہا۔