سرکاری ونجی درسگاہوں میں 5رنگوں کے کوڑے دان رکھے جائیں ورنہ جرمانے کئے جائیں گے ،اکتوبر سے معائنہ شروع ہوگا
کاغذ ،ردی بوتلیں، کانچ کے ٹکڑے ،لیبارٹری کاضائع شدہ سامان ،پھلوں کے چھلکے الگ الگ رنگ کے کوڑے دان میں ڈالیں جائیں گی
پتے ،ِگلی سڑی سبزیاں ،لوہے ،دھاتی کوڑے ،پلاسٹک ویسٹ کے لئے بھی الگ کوڑے دان ہوں گے ،دوبارہ استعمال کے قابل بنایا جائیگا
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے سمارٹ ویسٹ مینجمنٹ پراسیس پنجاب بھر کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں نافذ کرنے کی منظوری دیدی۔وزیراعلی پنجاب مریم نوازنے پنجاب میں کچرا جمع کرنے کے لئے مختلف رنگوں کے کوڑے دان استعمال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ سرکاری ونجی درسگاہوں میں 5رنگوں کے کوڑے دان رکھے جائیں جس کے لئے 30 ستمبر تک کی ڈیڈ لائن مقررکی گئی ہے۔پنجاب میں کچرا ٹھکانے لگانے کے اس جدید منصوبے میں تمام سرکاری ونجی درسگاہوں میں 5رنگوں کے کوڑے دان رکھے جائیں گے۔سینئر وزیر موحولیات اینڈ کلائمٹ چینج مریم اورنگزیب منصوبے کی نگرانی کریں گی۔صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندراوروزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان ملک کو اہداف سونپ دئیے گئے ہیں،اکتوبر سے معائنہ شروع ہوگااور رنگدار کوڑے دان نہ رکھنے پر جرمانے ہوں گے،الگ الگ رنگ کے کچرے کے ڈبوں میں الگ الگ قسم کا کوڑاکرکٹ جمع کیاجائے گا، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔پیلے رنگ کے ڈبوں میں کاغذ اور ردی جمع کی جائے گی،سبز رنگ کے ڈبوں میں بوتلیں، کانچ کے ٹکڑے اور لیبارٹری میں استعمال ہونے و الا ضائع شدہ سامان ڈالا جائے گا،سرمئی رنگ میں پھلوں کے چھلکے، ضائع شدہ کھانا، پتے اور گلی سڑی سبزیاں پھینکی جائیں گی،لال رنگ کے کچرے کے ڈبے میں لوہے اور دیگر دھاتی کوڑے کے لئے استعمال ہوں گے جبکہ نارنجی کوڑے دان پلاسٹک ویسٹ کے لئے استعمال کئے جائیں گے،ان اشیاء کو دوبارہ استعمال کے قابل بنانے کے لئے استعمال کیاجائے گا۔اس جدید طریقے کا مقصد کچرے کی مقدار میں کمی لانا اور ماحول دوست رویوں کو فروغ دینا ہے،پنجاب مینجمنٹ ہیلپ لائن (1139)پر تعلیمی ادارے کچرا اٹھانے کے لئے رابطہ بھی کرسکتے ہیں،لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ رنگدار کوڑے دانوں کے انتظام میں اپنا کردار ادا کرے گا،ماحولیات کے تحفظ کا ادارہ تعلیمی اداروں میں اس طریقہ کار کے نفاذ کو یقینی بنائے گا، ای پی اے ٹیم درس گاہوں کا معائنہ بھی کرے گی اورمعیار پر پورا اترنے والے تعلیمی اداروں کو ای پی اے کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری کیاجائے گا