منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 73 ہزار 850 چھاپے

رواں سال صوبہ بھر سے 45 ہزار 298 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا 
 لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ڈرگ فری پنجاب ویڑن کی تکمیل میں پنجاب پولیس کے انسداد منشیات آپریشنز جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 73 ہزار 850 چھاپے مارے گئے۔ منشیات کے دھندے میں ملوث 45 ہزار 298 ملزمان گرفتار کر کے مقدمات درج کئے گئے۔ ملزمان کے قبضہ سے 25 ہزار 633 کلو گرام چرس، 2381 کلو گرام ہیروئن، 1453 کلو گرام آئس، 2500 کلو گرام افیون اور 06 لاکھ 12 ہزار 308 لٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں 9 ہزار 107 منشیات فروش گرفتار کئے گئے اور ان کے قبضہ سے 4317 کلوگرام چرس، 496 کلوگرام ہیروئن، 885 کلوگرام آئس، 273 کلوگرام افیون اور 52 ہزار 356 لیٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف سپیشل آپریشنز میں مزید تیزی کا حکم دیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں منشیات فروشی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے