کیہ حال اے؟ تسی ٹریکٹر واسطے اپلائی کیتا سی، تہاڈا ناں نکل آیا اے :وزیراعلی
لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام کے دوسرے مرحلے کی قرعہ اندازی کا آغاز کر دیا۔قرعہ اندازی میں پہلا ٹریکٹر تحصیل اٹک کے راجہ رفعت عباس، دوسرا نزت پروین اورتیسرا میاں نصیر کا نکلا، وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے گرین ٹریکٹر سکیم فیزٹو کی قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد دی۔اس موقع پر وزیراعلی نے قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکار محمد عاشق کو ٹیلی فون کیا اور پنجابی کاشتکار سے مادری زبان کہا کہ کیہ حال اے؟ تسی ٹریکٹر واسطے اپلائی کیتا سی، تہاڈا ناں نکل آیا اے، تہانوں مبارک باد واسطے فون کیتا اے۔سیکرٹری زراعت نے سی ایم پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام فیز ٹو کے بارے میں بریفنگ دی کہ 7ایکڑ یا اس سے زیادہ اراضی مالکان 75سے 125ہارس پاور تک ٹریکٹرحاصل کرسکیں گے، ہائی پاورٹریکٹرز کیلئے حکومت پنجاب 10لاکھ روپے سبسڈی دے گی۔سی ایم پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم فیز ٹو کے تحت 20ہزار ٹریکٹر پر سبسڈی دی جائے گی، ہائی پاور ٹریکٹر سکیم کے تحت 9500ٹریکٹر اورمیڈیم پاور سکیم کے تحت 10ہزار ٹریکٹر دیئے جائیں گے‘دریں اثناء وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف سے جرمن ادارے ہوپ چلڈرن کینسر سنٹر کے اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی جس میں بچوں کے کینسر کے علاج میں جرمن اداروں کی معاونت پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ہوپ چلڈرن کینسر سنٹر کے وفد کی سربراہی جرمن پیڈریاٹرک آنکالوجسٹ اورنیو رو آنکالوجسٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سٹیفن مائیکل نے کی، وفد میں ہائیڈل برگ یونیورسٹی ہسپتال، جرمن کینسر ریسرچ سینٹر (ڈی اے ایف زیڈ)اور ہوپ چلڈرن کینسر سینٹر (کٹز) کے ماہرین شامل تھے۔وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو ابلیشن کینسر ٹریٹمنٹ متعارف کرانے والاریجن کا پہلا صوبہ ہے، لاہور میں پنجاب کا سب سے بڑا اورجدید ترین نوازشریف کینسر ہسپتال تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کررہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ چلڈرن ہسپتال لاہور میں کینسر کے علاج کیلئے ہوپ چلڈرن کینسر سینٹر کی معاونت کو سراہا جائے گا، پیڈریاٹرک آنکالوجی کیلئے جرمنی کی جدید ٹیکنالوجی کا خیرمقدم کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ کینسر کے علا ج کیلئے جرمن اداروں کے ساتھ جوائنٹ ٹریننگ کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئیں گے