ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات میں "عانی" (Aani) پلیٹ فارم کے ذریعے اب صرف موبائل نمبر استعمال کرتے ہوئے 10 سیکنڈ کے اندر رقم بھیجی یا وصول کی جا سکتی ہے، اس کے لیے بینک اکاؤنٹ نمبر یا آئی بان (IBAN) فراہم کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یہ پلیٹ فارم بل کو دوستوں کے ساتھ تقسیم کرنے، دکانوں اور ریسٹورنٹس میں کیو آر (QR) کوڈ کے ذریعے ادائیگی، اور ادائیگی کی درخواستوں کو قبول یا مسترد کرنے کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔ یہ سروس صرف یو اے ای کے اندر کام کرے گی۔فی الحال 30 سے زائد بینک اور مالیاتی ادارے اس پلیٹ فارم سے جڑ چکے ہیں، جن میں ADCB، Emirates NBD، Dubai Islamic Bank، Mashreq، HSBC، Al Ansari Exchange سمیت دیگر شامل ہیں۔
عانی استعمال کرنے کے لیے صارفین کو اپنی بینک کی موبائل ایپ یا علیحدہ عانی ایپ (iOS اور اینڈرائیڈ پر دستیاب) کے ذریعے رجسٹریشن کرنا ہوگی۔ رجسٹریشن کے دوران ایمریٹس آئی ڈی، موبائل نمبر اور لاگ ان تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔ بینک کی تصدیق کے بعد صارف فوری طور پر اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکے گا۔ہر لین دین میں زیادہ سے زیادہ 50 ہزار درہم بھیجے جا سکتے ہیں، جبکہ فیس (Charges) کا تعین ہر بینک اپنی پالیسی کے مطابق کرے گا۔ یہ سہولت صرف ان صارفین کے لیے دستیاب ہے جن کا اکاؤنٹ کسی لائسنس یافتہ بینک یا مالیاتی ادارے میں موجود ہو۔