کویت میں شہریوں کی سہولت کے لیے ’بلادیہ 139‘ ایپ متعارف

کویت میں شہریوں کی سہولت کے لیے ’بلادیہ 139‘ ایپ متعارف

ویب ڈیسک: کویت میں شہریوں کی سہولت اور سرکاری خدمات کو بہتر بنانے کے لیے کویت میونسپلٹی نے نئی موبائل ایپلیکیشن ’بلادیہ 139‘ متعارف کروا دی ہے۔

یہ ایپ عوام کو میونسپل حکام سے براہِ راست رابطے کی سہولت فراہم کرتی ہے، جس کے ذریعے شہری اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں اور ان کے حل کی پیشرفت کو ریئل ٹائم میں ٹریک کر سکتے ہیں۔کویت میونسپلٹی کے تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر محمد السندان کے مطابق، ایپ کا مقصد میونسپل سروسز کو ہموار کرنا، لین دین کو تیز بنانا اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایپ پر درج کی گئی خلاف ورزیوں کو ان کی نوعیت کے مطابق 4 سے 72 گھنٹوں کے اندر حل کیا جاتا ہے۔ شہری شکایات جمع کرواتے وقت خلاف ورزی کی جگہ اور تصاویر بھی اپ لوڈ کر سکتے ہیں، جس کے بعد میونسپل ٹیمیں موقع پر روانہ کی جاتی ہیں۔

ایپ میں ایک جدید نظام بھی شامل ہے جو میونسپل انسپکٹرز، ایگزیکٹوز اور فیلڈ عملے کی کارکردگی کی نگرانی کرتا ہے، تاکہ شفافیت اور کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔ حکام ریئل ٹائم ڈیٹا کے ذریعے ٹیموں کی کارکردگی کو ٹریک کر سکتے ہیں اور ماہانہ رپورٹس بھی تیار کر سکتے ہیں۔محمد السندان نے مزید کہا کہ میونسپلٹی عوامی خدمات میں بہتری اور خرابیوں کے تدارک کے لیے ایپ میں مسلسل اپ ڈیٹس اور فیچرز کا اضافہ کرتی رہے گی۔