بھارت جنگ میں فتح حاصل نہیں کر سکا ‘کھیل میں ہاتھ نہ ملانے جیسی دشمنی لے آیا: عطا تارڑ

وزیرِ اعظم اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہمیشہ کی طرح کشمیر اور فلسطین کیلئے آواز اٹھائیں گے:وفاقی وزیراطلاعات و نشریات
 لندن(آئی این پی )وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ  نے کہا  ہے کہ سیاست اور کھیل کو الگ رکھنا چاہیے، بھارت جنگ میں فتح حاصل نہیں کر سکا تو کھیل میں ہاتھ نہ ملانے جیسی دشمنی کو لے آیا، بھارتی کھلاڑیوں نے ہاتھ نہ ملا کر چھوٹا پن دکھایا ہے اور خفت مٹانے کی کوشش کی۔لندن میں  نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لندن میں وزیرِ اعظم کا گزشتہ روز کا اجتماع تاریخی تھا، وزیرِ اعظم پاکستان نے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کا برملا اعتراف کیا۔عطا تارڑ نے کہا کہ یہ وقت قوم کو اکٹھا کرنے کا ہے، اللہ تعالیٰ نے ہمیں جنگ میں بھی بڑی کامیابی سے نوازا، وزیرِ اعظم اور سپہ سالار کے ٹیم ورک کے سبب دنیا اب پاکستان کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا  وزیرِ اعظم اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہمیشہ کی طرح کشمیر اور فلسطین کیلئے آواز اٹھائیں گے۔