پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب اور شبلی فراز نے ڈی نوٹیفائی کیے جانے کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب اور شبلی فراز نے ڈی نوٹیفائی کیے جانے کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب اور شبلی فراز نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ان کے ڈی نوٹیفائی کیے جانے کے اقدام کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کر دی ہیں۔

 دونوں رہنماؤں نے اپنے وکیل بشیر وزیر کی وساطت سے درخواستیں دائر کی ہیں جن میں الیکشن کمیشن، اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 5 اگست کو الیکشن کمیشن نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب اور سینیٹر شبلی فراز کو نااہل قرار دیا، جس کے خلاف انہوں نے ہائیکورٹ میں چیلنج دائر کیا۔ پشاور ہائیکورٹ نے 6 اگست کو الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ وہ درخواست گزاروں کے خلاف مزید کارروائی نہ کرے۔تاہم عدالتی حکم کے باوجود اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ نے عمر ایوب اور شبلی فراز کو ڈی نوٹیفائی کر کے ان کی نشستیں خالی قرار دے دیں، جو کہ درخواست میں توہین عدالت قرار دیا گیا ہے۔پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواست میں یہ مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کا یہ اقدام عدالتی احکامات کی خلاف ورزی اور توہین عدالت کے مترادف ہے، لہٰذا عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس غیر قانونی کارروائی کو کالعدم قرار دیا جائے۔