محمود اچکزئی 74ایم این ایز نے اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا

3 ارکا ن بیرون ملک ہونے کی وجہ سے دستخط نہ کر سکے،سپیشل سیکرٹری نے درخواست پر ڈائری نمبر لگا دیا
اسلام آباد (بیورو رپورٹ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا گیا۔اپوزیشن کی جانب سے سیکرٹری قومی اسمبلی کے آفس میں درخواست باضابطہ طور پر جمع کرا دی گئی، چیف وہپ عامر ڈوگر، اسد قیصر اور دیگر رہنمائوں نے درخواست جمع کرائی۔اپوزیشن کے 74 ارکان نے محمود خان اچکزئی کو بطور اپوزیشن لیڈر نامزد کیا۔پی ٹی آئی کے 3 اراکین علی افضل ساہی، عمر فاروق اور صاحبزادہ محبوب سلطان ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے درخواست پر دستخط نہ کر سکے۔سپیشل سیکرٹری قومی اسمبلی نے درخواست موصول کر لی جبکہ ایڈوائزر آفس نے درخواست کو ڈائری نمبر لگا دیا۔تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے درخواست جمع کرانے کے بعد کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی نہیں رہنا چاہیے اور سپیکر کو چاہیے کہ جلد از جلد نوٹیفکیشن جاری کریں۔تحریک انصاف کے رہنما سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیف وہپ ملک عامر ڈوگر اور شہرام تراکئی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسد قیصر نے کہا کہ عمر ایوب خان کی نااہلی کے بعد اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی تھا، جس کے لیے محمود خان اچکزئی کے نام کی باضابطہ درخواست سپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرا دی ہے اور امید ہے اب اسپیکر ملک واپسی پر نوٹیفکیشن جاری کر دیں گے انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی ایک سینئر اور باوقار سیاستدان ہیں، امید ہے کہ ان کے نام پر کسی غیر جمہوری حربے کا سہارا نہیں لیا جائے گا۔ چیف وہپ ملک عامر ڈوگر کے مطابق 74 اراکین اسمبلی کے دستخطوں کے ساتھ محمود خان اچکزئی کے نام کی درخواست سپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرائی گئی ہے۔ چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ یہ فیصلہ پارٹی قیادت کا ہے جسے تمام اراکین نے متفقہ طور پر تسلیم کیا۔اسد قیصر نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبے کو اس کے تین فی صد شیئرز ملنے چاہئیں، لیکن تاحال خیبرپختونخوا کو ایک روپیہ بھی فراہم نہیں کیا گیا۔