غیرقانونی بھرتیاں:پرویز الٰہی سمیت دیگر ملزم فرد جرم کیلئے طلب

لاہور (خصوصی رپورٹ )پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی سمیت دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 6 نومبر کو طلب کر لیا۔اینٹی کرپشن عدالت کے جج جاوید اقبال وڑائچ نے گزشتہ سماعت کا 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا۔عدالت نے تحریری حکم میں لکھا کہ پرویز الٰہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی اور نجی ہسپتال کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا،پراسیکیوٹر نے کہا کہ پراسیکیوشن کے مطابق پرویز الٰہی گزشتہ سماعت پر بھی پیش نہیں ہوئے تھے۔تحریری حکم میں کہا گیا کہ پراسیکیوٹر نے کہا کہ ابھی اس مقدمے میں فرد جرم عائد نہیں ہوئی۔تحریری حکم میں لکھا گیا کہ عدالت آئندہ سماعت پر پراسیکیوشن کی بریت کی درخواستوں پر دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 6 نومبر تک ملتوی کرتی ہے۔