دبئی میں ڈلیوری رائیڈرز کے لیے تازہ ترین ٹریفک قوانین کا اعلان

دبئی میں ڈلیوری رائیڈرز کے لیے تازہ ترین ٹریفک قوانین کا اعلان

ویب ڈیسک: دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دبئی پولیس ہیڈکوارٹرز نے تیز رفتار سڑکوں پر ڈلیوری بائیکس کے لیے نئی ٹریفک پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، جو یکم نومبر 2025 سے نافذ ہوں گی۔

پانچ یا اس سے زیادہ لین والی سڑکوں پر ڈلیوری رائیڈرز کو بائیں جانب کی دو لین استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ تین یا چار لین والی سڑکوں پر وہ سب سے بائیں لین استعمال نہیں کرسکیں گے۔ تاہم، دو یا کم لین والی سڑکوں پر ان پر کوئی پابندی لاگو نہیں ہوگی۔آر ٹی اے کی ٹریفک اینڈ روڈز ایجنسی کے سی ای او حسین البنّاکا کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عوامی اور نجی اداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا ہے تاکہ ڈلیوری رائیڈرز کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر واضح سائن بورڈز نصب کیے جائیں گے تاکہ ممنوعہ اور مخصوص لینز کی درست نشاندہی ہو سکے۔دبئی پولیس کے اسسٹنٹ کمانڈر اِن چیف برائے آپریشنز، میجر جنرل سیف محیر المزروعی کے مطابق، ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے رائیڈرز پر پہلی بار 500 درہم، دوسری بار 700 درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ تیسری خلاف ورزی پر ان کا ڈلیوری پرمٹ معطل کر دیا جائے گا۔

مزید برآں، اگر کوئی رائیڈر 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے بائیک چلاتا ہے تو پہلی بار 200، دوسری بار 300 اور تیسری بار 400 درہم کا جرمانہ عائد ہوگا۔دبئی پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق، 2024 میں ڈلیوری بائیکس سے متعلق 854 حادثات رپورٹ ہوئے، جبکہ 2025 میں یہ تعداد بڑھ کر 962 ہو گئی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں، رواں سال کے پہلے نو مہینوں میں ٹریفک خلاف ورزیوں کی تعداد 70,000 سے زیادہ سے بڑھ کر 78,386 ہو چکی ہے۔