خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی اجازت ہے‘ایسا اقدام اٹھائیں گے نہیں طلال چودھری

 ملک کے پی جیسی کم عقل قیادت اور ٹی ایل پی جیسی سوچ کا متحمل نہیں ہوسکتا، ٹی ایل پی کی تجوری سے یہودی نصاری کے برانڈ کی 69 مہنگی گھڑیاں نکلیں
 وزیراعلی کے پی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غیر سنجیدہ ہیں‘افسوس کی بات ہے گاڑیوں کو سیاست کی نذر کردیا:پریس کانفرنس
اسلام آباد(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے  خیبر پختون خوا جیسی کم عقل قیادت اور ٹی ایل پی جیسی سوچ والا، پاکستان ان دونوں جیسی منفی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے پی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غیر سنجیدہ ہیں، کے پی کو دی گئی گاڑیوں کو انہوں نے ناقص قرار دیا اور وصول کرنے سے انکار کیا، یہی گاڑیاں وزرا استعمال کرتے تھے، افسوس کی بات ہے گاڑیوں کو سیاست کی نذر کردیا، ایک بلٹ پروف گاڑی کی قیمت 10 کروڑ روپے ہے، اگر آپ کو یہ ماڈل پسند نہیں تھا تو وزیراعلی اپنی گاڑی دے دیتے، یہ گاڑیاں 600 ارب سے سے خریدی گئیں جبکہ کے پی حکومت کو یہ گاڑیاں اپنے فنڈز سے خریدنی چاہییں تھی۔افغانستان سے بات کرنے کی کے پی حکومت کی پیشکش پر انہوں نے کہا کہ ہمیں کس سے کب بات کرنی ہے یہ تمہارا نہیں حکومت کا کام ہے، کے پی کی قیادت کے پی کو نقصان دے رہی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ کسی بھی جگہ ایسا قدم اٹھایا جائے جو غیرسیاسی معاملہ ہو۔ٹی ایل پی کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ غزہ کے لیے مارچ کرنے والوں کا ایک بھی مطالبہ غزہ کے لیے نہیں تھا، 69 مہنگی برانڈز واچز ان کی تجوری سے نکلی ہیں جو توشہ خانہ میں بھی نہیں ہیں، ہر اس برانڈ کی گھڑی نکلی ہے جسے یہ کہتے تھے کہ یہ یہود و نصاری کی ہیں، یہ ان برانڈز کی گھڑیاں تھی جن پر یہ کہتے تھے کہ ان کا بائیکاٹ کیا جائے۔طلال چوہدری نے کہا کہ 100 ایسے اکائونٹ کی نشاندہی ہوئی ہے جس پر سود کے ذریعے وہ کروڑوں روپے وصول کرتے تھے اور یہ کہتے تھے کہ یہ منافع حرام ہے سودی سسٹم ختم کیا جائے، بینک کے منافع کو سود کہنے والے ٹی ایل پی والوں کے ان اکانٹس میں کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن ہیں اور کروڑوں روپے سود آیا ہوا ہے۔انہوںنے کہا  آئینی طور پر خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی اجازت تو ہے مگرایسا اقدام نہیں اٹھائیں گے۔