پاکستان کو سیاسی عدم استحکام کا شکار نہیں کرنے دیں گے، حملہ آور کے ہاتھ کاٹے جائیں گے، واقعہ کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات ہورہی ہیں
پی ٹی آئی قیادت یہ کہہ کر بری الذمہ نہیں ہوسکتی ہمارا اس کارکن سے کوئی تعلق نہیں، دوسری طرف خود ہی اس کا دفاع بھی کرتے ہیں:وزیر مملکت
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے مال روڈ پر پیش آنے والا واقعہ اس بات کا اشارہ ہے 27 ستمبر کو بھی ایسا ہی ہوسکتا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیاسی عدم استحکام کا شکار نہیں کرنے دیں گے، اگر ایسا حملہ ہوگا تو حملہ آور کے ہاتھ کاٹے جائیں گے۔طلال چوہدری نے کہا کہ نفرت اور انتشار کی وجہ سے نو مئی ہوا اور اسی وجہ سے مال روڈ کا واقعہ پیش آیا، بانی پی ٹی آئی اپنے بیانات اور تقریروں میں نفرت اور انتشار بھرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ آپ کی سوشل میڈیا پوسٹس ہمارے شہدا کی تضحیک کرتی ہیں، پی ٹی آئی کو کہا گیا ہے کہ نفرت اور انتشار کی سیاست نہ کرے اور نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرتیں مت بھرے۔طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت یہ کہہ کر بری الذمہ نہیں ہوسکتی کہ ہمارا اس کارکن سے کوئی تعلق نہیں، دوسری طرف خود ہی اسکا دفاع بھی کرتے ہیں۔