اچھرہ مارکیٹ آنے والوں کے لیے وسیع واکنگ ویز بنائے جائیں گے
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور میں سرکاری سطح پر پہلی بار بجلی کی افراتفری سے بھری ہوئی اوور ہیڈ وائرنگ اب ماضی کا حصہ بننے جارہی ہے۔ ایل ڈی اے نے سسٹینی بل ڈویلپمنٹ ماڈل میں بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اہم یوٹیلیٹیز کے ساتھ ساتھ بجلی کی تاروں کو بھی انڈر گراؤنڈ کرنے کا حتمی اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ لاہور کے شہری ڈھانچے میں ایک بڑی تبدیلی تصور کیا جا رہا ہے۔ماضی میں سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ماڈل صرف سیوریج، واٹر سپلائی اور دیگر یوٹیلیٹیز تک محدود تھا، لیکن اب پہلی بار اچھرہ مارکیٹ میں الیکٹرسٹی سسٹم بھی مکمل طور پر زمین کے نیچے منتقل کیا جائے گا۔ ایل ڈی اے کا انجینئرنگ ونگ اور لیسکو اس مشترکہ منصوبے کو عملی شکل دیں گے۔اچھرہ مارکیٹ لاہور کی وہ پہلی پائلٹ مارکیٹ ہو گی جہاں یہ ماڈل نافذ کیا جا رہا ہے۔ مارکیٹ کی مکمل بحالی، بیوٹیفکیشن اور جدید ڈویلپمنٹ کے لیے 66 کروڑ 23 لاکھ روپے کا تخمینہ منظور کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت سیوریج، واٹر سپلائی، ٹیلی کام اور دیگر تمام یوٹیلیٹیز کو انڈر گراؤنڈ کیا جائے گا، جب کہ بجلی کی وائرنگ کو محفوظ، جدید اور ماحول دوست نظام کے ذریعے زمین کے اندر منتقل کیا جائے گا۔مارکیٹ آنے والوں کے لیے وسیع واکنگ ویز بنائے جائیں گے۔